عید میلاد النبی منانے والے بھائیوں سے ہمارے دس سوال*

 *عید میلاد النبی منانے والے بھائیوں سے ہمارے دس سوال*

_____________________


تحریر : عبدالغفار سلفی، بنارس 


1. حدیث کی کتابوں میں بقیہ دو عیدیں جنہیں ہم عیدین بھی کہتے ہیں ان کی تمام تر تفصیلات موجود ہیں اور عید میلاد النبی جس کی چہل پہل پہ بقولِ شاعر ہزاروں عیدیں نثار ہیں اس کا کہیں کوئی ذکر نہیں ملتا؟ نہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس عید کی کوئی نماز پڑھی؟ نہ عیدین کی طرح آپ نے عورتوں کو اس عید کے لیے نکلنے کا حکم دیا؟ آخر کیوں؟ 


2. اعلان نبوت کے بعد تقریباً بائیس مرتبہ آپ کی حیات مبارکہ میں "عیدوں کی یہ عید" آئی مگر ایک مرتبہ بھی آپ نے یہ عید کیوں نہیں منائی؟ اگر منائی تو کہیں کسی حدیث میں کوئی ذکر کیوں نہیں؟ 


3. وہ  انصار مدینہ جو دل و جان سے اپنے شہر میں آمد رسول کے منتظر تھے اور جس دن رسول عربی صلی اللہ علیہ وسلم ان کے درمیان تشریف فرما ہوئے انہوں نے خوشیاں منائیں بھی، ان سے بھی کوئی ثبوت نہیں ملتا کہ انہوں نے ہر سال رسول کی پیدائش کا جشن منایا ہو، آخر کیوں؟


4. اگر یہ فرض کر لیا جائے کہ رسول اکرم فداہ ابی وامی تواضع اور خاکساری کے پیکر تھے اس لیے آپ نے خود اپنی پیدائش کا جشن نہیں منایا تو کم از کم وہ اصحاب رسول جو صحیح معنوں میں آپ سے بے انتہا عقیدت و محبت رکھتے تھے انہوں نے منائی ہوتی؟ کہیں کسی ایک ضعیف حدیث میں ہی سہی اس عید کے منانے کا تذکرہ تو ہوتا؟ کیوں نہیں ہے؟ 


5. ہم  عیدین کے بارے میں تو یہ اصول نہیں اپناتے کہ منع کہاں ہے؟ ان کے سلسلے میں تو ہمارا اصول یہ ہوتا ہے کہ جتنا ثابت ہے ہم بس اتنے پر عمل کرتے ہیں، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دو ہی رکعت پڑھی تو ہم دو ہی پڑھتے ہیں، آگے پیچھے کوئی سنت نہیں پڑھی تو ہم نہیں پڑھتے، راستہ بدل کر عیدگاہ آتے جاتے تھے تو ہم بھی ویسا ہی کرتے ہیں یا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، عید گاہ جا کر نماز ادا کرتے تھے تو ہم بھی وہاں جا کر یہ نماز ادا کرتے ہیں، گھر سے عید کے دن کھجوریں کھا کر نکلتے تھے تو ہم بھی کچھ کھا کر نکلتے ہیں، عید الاضحٰی کے دن بغیر کھائے نکلتے تھے اور آ کر قربانی کے گوشت سے کھانے کی شروعات کرتے تھے تو ہم بھی ایسا ہی کرتے ہیں. وہاں تو ہمیں ایک ایک سنت کا ذکر ملتا ہے اور ہم اسے الحمد للہ اپناتے بھی ہیں مگر "عیدوں کی عید" کے بارے میں ہماری سب سے بھاری دلیل یہ کیوں ہوتی ہے کہ "منع کہاں ہے"؟؟


6. کیوں عیدین کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے تو ہمارے میٹھے میٹھے سنی بریلوی علماء احادیث سے مسائل بیان کرتے ہیں، نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کے عمل کا حوالہ دیتے ہیں، لیکن "عیدوں کی عید" کا ذکر آتا ہے تو منطقی، جذباتی اور عقلی دلائل پر ہی اکتفا کرتے ہیں، عوام سے نعرے لگوانے کو ہی سب سے بڑی دلیل بنا لیتے ہیں، آخر کیوں؟


7. عید الفطر کے بارے میں ساری امت متفق ہے کہ وہ ایک شوال کو منائی جاتی ہے، عید الاضحٰی کے بارے میں کوئی اختلاف نہیں کہ وہ دس ذی الحجہ کو منائی جاتی ہے. پھر یہ سب سے بڑی عید ہی کیوں مختلف فیہ بن گئی، رسول کے نام نہاد عاشقوں کے سب سے بڑے خوشی کے موقع کے بارے میں ہی سیرت نگاروں اور علماء امت کے درمیان اتنا اختلاف کیوں ہے؟ حتیٰ کہ بریلوی بھائیوں کے سب سے بڑے عالم مولانا احمد رضا خان صاحب کے بقول میلاد النبی کی صحیح تاریخ 8 ربیع الاول ہے. یہ کیسی عید ہے جس کی تاریخ پر خود ان کے اعلیٰ حضرت امت متفق نہیں ہو سکے؟


8. ہمارے بریلوی بھائی امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ سے بھی نسبت کا دم بھرتے ہیں، خود کو ان کا مقلد قرار دیتے ہیں، امام ابو حنیفہ کی کسی کتاب میں یا ان کے شاگردوں کی کسی کتاب میں اس عید کا کہیں کوئی ذکر نہیں ہے، نہ ہی فقہ حنفی کی وہ کتابیں جن میں عیدین کے مسائل پر پورے شرح و بسط کے ساتھ روشنی ڈالی گئی ہے ان میں بھی کہہں عید میلاد النبی کا نہ کوئی باب ملتا ہے نہ کوئی مسئلہ بیان کیا گیا ہے، آخر کیوں؟


9. اگر اس عید کو منانے کی سب سے بڑی دلیل محبت، عقیدت اور عشق ہے تو پھر عیسائی بھی صحیح ہیں کہ وہ عیسی علیہ السلام کی محبت میں ہی کرسمس مناتے ہیں. کیا ہم عقیدت و محبت کے معاملے میں آزاد ہیں کہ جو چاہیں کریں اور جو چاہیں عقیدہ رکھیں؟ پھر پچھلی قوموں نے اپنے انبیاء و صالحین کے بارے میں جو عقیدے رکھے اسے قرآن نے غلو کیوں قرار دیا؟ کیوں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی شان میں امت کو اس غلو سے منع فرمایا؟ کیوں انصار کی بچیوں نے جب کچھ اشعار میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے غیب داں ہونے کا ذکر کیا تو آپ نے انہیں منع فرمایا؟؟ 


10. عید کے دن روزہ رکھنا حرام ہوتا ہے جب کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سوموار کے دن روزہ رکھنے کا اپنی امت کو حکم دیا ہے اور اس کی حکمت یہ بتلائی کہ اس دن آپ پیدا ہوئے. اب اگر آپ کی پیدائش کا دن عید کا دن ہے تو آپ روزہ رکھنے کا حکم نہ دیتے. آج بھی بہت سارے بریلوی بھائی بارہ ربیع الاول کو روزہ رکھتے ہیں. پہلے یہ طے کر لیں کہ یہ عید کا دن ہے یا روزے کا؟ عید کا دن ہے تو روزہ نہیں رکھ سکتے اور روزے کا دن ہے تو پھر اسے عید کا نام کیوں دیتے ہیں ؟ 


تلک عشرۃ کاملۃ. 


اللہ ہم سب کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحیح اور سچی محبت کرنے والا بنا دے، آمین

Comments

Popular posts from this blog

Pani Peene Ka Sunnat Tareeqa.

गुसल करने का सुन्नत तरीका (गुस्ल की जनाबत का तरीका)

इस्लाम मे कब्र और कब्रिस्तान पर कुरान पढ़ना मना है मजार और दरबार बनाना मना है लेकिन